اسلام آباد(روزنامہ اوصاف)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوج ملکی سرحدوں اور پولیس اندرون شہرلوگوں کی حفاظت کرتی ہے ،سابقہ سیاستدان غلط راستے پر چل کر نشان عبرت بنے، کبھی ہسپتال جا رہے ہیں، کبھی باہر بھاگ رہے ہیں، باپ کی چوری چھپانے کیلئے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، لوٹ مار کا پیسہ کبھی کسی کے کام نہیں آتا،جہاں لوگوں کے جان و مال کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قومیں ترقی نہیں کرسکتیں،جسے پیسے کو بچانے کیلئے جھوٹ بولنا پڑے وہ اللہ کا عذاب ہوتا ہے ،اللہ تعالیٰ نےپاکستان کو سب کچھ دیا ہے صرف گورننس کو ٹھیک کرنا ہے۔پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اللہ پاک قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ نبی کریمﷺ کے راستے پر چلو،قرآن پاک میں واضح ہے کہ رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے لیکن تنخواہیں نہیں بڑھی اور مجھے پتہ ہے کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب سے کم ہیں، جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی تو ساری قوم کو صبر کرنا پڑیگاتاہم تنخواہیں بڑھانے کے حوالے سے حفیظ شیخ سے بات کروں گا ،آمدنی بڑھ جائے تو پولیس سمیت تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے،اسلام آباد پولیس کو صحت کارڈ دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر پولیس شہریوں کو تحفظ دیتی ہے، میں چاہتاہوں قوم پولیس کو پسند کرے ، اپنی آنکھوں کے سامنے خیبر پختونخوا پولیس کو بدلتے دیکھا ، پولیس میں بہتری آنے کے بعد مردان سے انکے حق میں ریلیاں نکلیں، خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی میں بڑی قربانیاں دی ہیں، پولیس کا معاشرہ میں ایک بہت بڑا مقام ہوتا ہے، پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کےوہ مستحق ہے، ہماری سرحدو ں پرقوم کی حفاظت پاک فوج کرتی ہے، جب تک مال اور جان کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی، جنہوں نے سالوں ملک کا اقتدار سنبھالا ان کے سامنے بھی دوراستے تھے، اس پیسے کا کیافائدہ جس سے بچوں کو والد کو بچانے کےلیے جھوٹ بولنا پڑے۔جس پیسے کے لیے کسی کو بچانے کےلیے جھوٹ بولا جائے وہ پیسہ اللہ تعالیٰ کا عذاب ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں اللہ تعالیٰ نے سب کچھ دیا صرف گورننس کو ٹھیک کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ جب کرکٹ میں آیا تھا تومیرے سامنے بھی دو راستے آگئے، ساوَتھ افریقہ کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پیسے کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے اپنے ملک کیلئے کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دی ۔انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ سرپلس ہوگیا ہے،وفاقی حکومت نے اپنے 40فیصداخراجات کم کیے،وزیراعظم ہاوَس کے 70فیصد اخرات کم کیے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں ہم ان کا خیال بھی رکھ رہے ہیں ۔قبل ازیں وزیراعظم پولیس لائنز پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ،پولیس کے دستے کی جانب سے وزیراعظم کو سلامتی دی گئی ۔وزیراعظم نے یادگار شہدا ئے پولیس پرپھول چڑھائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *